جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت کو دینی مدارس کے بل کی منظوری ہر حال میں دینی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی خواہش نہیں کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے، لیکن اگر 8 دسمبر تک بل پر دستخط نہ ہوئے تو جے یو آئی اسلام آباد کا رخ کرے گی۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ بل منظور کرنے کے باوجود اسے روکے رکھنا بدنیتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کی یقین دہانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول نے وعدہ کیا ہے کہ وہ صدر پاکستان سے بات کرکے بل کی منظوری یقینی بنائیں گے۔
یاد رہے، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی اس سے پہلے حکومت کو متنبہ کر چکے ہیں کہ اگر مدارس بل پر دستخط نہ کیے گئے تو وہ اسلام آباد جانے کی ڈیڈ لائن پر عمل کریں گے۔