محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اورگردو نواح میں سرد رہے گا۔ صبح اور رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال ،ملتان، بہا ولپور، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور آج پھر فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ اس وقت شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 202 ہے جو کہ انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصاندہ ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے منع کیا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہری باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کریں اور آنکھوں کو بار بار پانی سے دھوتے رہیں۔
سموگ کی وجہ سے کراچی اور لاہور شدید متاثر ہیں اور دونوں شہروں میں لوگ گلے، ناک اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش کا منصوبہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔