نگران وفاقی حکومت نے بجلی مزید مہنگی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 3 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا۔
دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت یکدم گرگئی ہے اور سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 200 روپے کم ہوگئی ہے جس کے بعد اب سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 19 ہزار 400 روپے پر آگئی ہے۔
اسی طرح صرافہ مارکیٹ میں 24 قیرات 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 601 روپے کی کمی ہوئی ہے اور 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 15 پیسے کم ہو گئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز امریکی ڈالر گراوٹ کے بعد انٹربینک میں 284 روپے 38 پیسے پر بند ہو گیا۔