پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے نامزدگی کے بعد بلامقابلہ انتخاب پر نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سمیت تمام ذمہ داران کو مبارکباد دی ہے۔ کورکمیٹی نے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مکمل حمایت و تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ان کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان نے جماعت کے ایک قابل اور وفاشعار کارکن کو نامزد کرکے ملک میں دہائیوں سے جاری موروثی سیاست پر کاری ضرب لگائی ہے۔ کورکمیٹی پہلے ہی تاحیات چیئرمین کا منصب بانی چیئرمین عمران خان کیلئے مختص کر چکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے ملک بھر میں پرامن سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی ورکرز کنونشن کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی پنجاب بھر میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کا سلسلہ جلد شروع کرنے کیلئے تنظیمی ذمہ داران کو منصوبہ بندی و تیاریوں کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔ کورکمیٹی کا قومی انتخابات کیلئے فنڈز کے عدم اجرا کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کور کمیٹی نے کہا ہے کہ نگران مالیات کی عدم دستیابی/فراہمی یا کسی بھی قسم کی غیرآئینی و غیر قانونی حیلہ سازی سے انتخابات کے طےشدہ تاریخ پر انعقاد کی راہ میں رکاوٹ قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی، کورکمیٹی نے عدلیہ کی بجائے ریٹرننگ افسران انتطامیہ سے لینے کیخلاف بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ عدلیہ کی بجائے انتخابات کے انعقاد کیلئے انتظامی افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ ہر لحاظ سے انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ ہے، انتخابات کی شفافیت متاثر کرنے کی کوئی بھی دانستہ یا نادانستہ کوشش ملکی مفاد اور جمہوریت پر مجرمانہ حملہ ہوگا، قوم ایسی کسی بھی کوشش کو قبول کرے گی نہ انتظامی افسران کے ذریعے انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت دے گی۔