سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ منظم پروپیگنڈا کے لیے استعمال ہو رہا ہے اور وہ خود اسے نہیں چلا رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں فیصل واڈا نے کہا کہ عمران خان کا اکاؤنٹ سازشی عناصر چلا رہے ہیں جو ان کے خلاف منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس مہم میں بشریٰ بی بی، ان کے قریبی لوگ، اور قاسم سوری جیسے افراد شامل ہیں، جنہوں نے پہلے عمران خان کو بدنام کرنے اور پھر نقصان پہنچانے کی سازش رچائی۔
فیصل واڈا نے دعویٰ کیا کہ یہ سازشی گروہ عمران خان کو ایسے حالات میں دھکیل رہا ہے جہاں سے ان کی واپسی ممکن نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جو متنازع ٹوئیٹ کیا گیا، وہ عمران خان کا نہیں بلکہ بیرون ملک بیٹھے سازشی عناصر کا لکھا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے حکومت سے مذاکرات اور اسمبلیوں میں واپسی کا اچھا فیصلہ کیا ہے، اور عوام کو چاہیے کہ وقتی طور پر ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نظر انداز کریں، ورنہ نقصان مزید بڑھ سکتا ہے۔