لاہور:جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل منظور نہ کیا تو 8 دسمبر کو پشاور میں حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، مولانا فضل الرحمان سے جے یو آئی لاہور کے رہنما حافظ بلال درانی نے ملاقات کی، جس میں مدارس بل کی منظوری میں تاخیر پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن اور اس کے بعد کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت نے مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں "اسرائیل مردہ باد ریلی” کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ مدارس بل پر دستخط نہیں کیے جا رہے، جبکہ حکومت اپنی مرضی سے دیگر قوانین منظور کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے سوال کیا کہ آخر مدارس بل پر دستخط کرنے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟