پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔ کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کئے ہیں۔
سینئر مرکزی رہنما احمد اویس، بیرسٹر گوہر علی خان کے تجویز کنندہ ہیں، ان کے علاوہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن چیئرمین کے انتخاب کیلئے بیرسٹر گوہر علی خان کے تائید کنندہ ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ بھی بھی موجود تھے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی انتخاب جمہوریت سے اس کی گہری وابستگی اور قانون کی حکمرانی پر غیر متزلزل یقین کی واضح علامت ہے، سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار عمران خان ہیں، پارٹی میں جمہوری اقدار کو متعارف اور مستحکم کرنے کے حوالے سے جتنی کوششیں بانی چئیرمین تحریک انصاف کے کریڈٹ پر ہیں دیگر جماعتوں میں ان کا عُشْرِ عَشِیر بھی نظر نہیں آتا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے صحیح معنوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کی متعدد کوششیں کیں، تحریک انصاف نے گزشتہ سال بھی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروائے، قانون کے احترام کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے کے باوجود انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا، چئیرمین تحریک انصاف نے موروثی سیاست کو دفن کرتے ہوئے پارٹی کے ایک محنتی، وفا شعار اور قابل کارکن کو بطور چئیرمین نامزد کر کے جمہوریت پسندی کی ایک انمول نظیر قائم کی ہے، تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر چکی ہے۔