محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید سنا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک ،مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد اوربالاکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، صبح کے اوقات میں میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مری ، گلیات اور گر دونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ صبح کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ،ساہیوال ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال ،ملتان ،بہا ولپور ، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ 36 گھنٹے لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے بعد شہیر میں سردی کی شدت میں آضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، کینال روڈ، دھرم پورہ، لکشمی چوک، نسبت روڈ، کاہنہ، گجومتہ، اقبال ٹاون، فیروز پور روڈ، ساندہ، کرشن نگر، بند روڈ، اچھرہ، چونگی امرسدھو، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، گلبرگ، گلشن راوی اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
بارش کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا ہے،بارش کی وجہ سے لاہور پر چھائی سموگ میں بھی کمی ہوئی اور فضائی آلودگی کے انڈیکس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔