سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نطر اہم فیصلے کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سمارٹ لاک ڈائون کے دوران جمعہ کو تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جن میں سکولز ، کالج اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی، ہفتے کو تمام بازار اور مارکیٹیں ، جم ، سینما ، تھیٹر اور فیکٹریاں بند رکھی جائیں گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سمارت لاک ڈاؤن کے دوران ہفتے کے روز تمام ریسٹورنٹس بھی بند رکھنے کی تجویز ہے جبکہ صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروس چلے گی۔ سمارٹ لاک ڈائون کے دوران شہر میں پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کی آمد و رفت محدود کی جائیگی۔ سرکاری و نجی دفاتر میں نصف عملہ کام کریگا۔
سموگ پر قابو پانے کیلئے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ دوسری جانب گزتہ رات لاہور میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے جبکہ ائیرکوالٹی انڈیکس 400 سے کم ہو کر 176 پر آگیا ہے البتہ فضا ابھی بھی صحت کیلئے نقصاندہ ہے۔