پاکستان تحریک انصاف کے دور کے وزیراعظم عمران خان کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر پر لندن میں نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک دیا تفصیلات کے مطابق شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ شام برطانیہ میرے گھر، جہاں میں اپنے بچوں کے ساتھ مقیم ہوں حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے میرے اوپر تیزاب پھینکا اور فرار ہو گیا۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا ہے کہ شکر ہے کہ میری بیوی اور بچے اس حملے میں محفوظ رہے البتہ مجھے کچھ چوٹیں آئی ہیں لیکن میری جان خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور ایمرجنسی سروسز بروقت موقع پر پہنچ گئیں کیونکہ پہلے سے پولیس تھریٹ سے آگاہ تھی۔ اللہ کا شکر ہے کہ حملہ آور پوری طرح سے کامیاب نہ ہو سکا۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ انشاللہ میرا حوصلہ اور عزم برقرار ہے اور رہے گا اور ظالم اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہوں گے اور انشااللہ ظالم جلد بے نقاب ہوں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں بننے والے کئی سکینڈلز میں شہزاد اکبر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہیں۔ شہزاد اکبر نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں بھگوڑا نہیں ہوں، برطانیہ میں ہوں، سارے جواب دوں گا، نیب کے نوٹسز ملے، جواب دے دئیے ہیں، نیب انہیں بلا کر شہباز گل والا سلوک کرنا چاہتا ہے، نیب چاہے تو ویڈیو لنک پر بیان لے لے۔