پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات کا اہم مرحلہ طے ہوگیا ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار بھی جاری کردیے گئے ہیں جن کے مطابق پاکستان بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 2 کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 75 لاکھ سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان کے ہر ضلع کی نشستوں کے حساب سے ووٹر لسٹیں ترتیب دی جارہی ہیں اور بغیر تصویر کے ووٹر لسٹیں دسمبر کے پہلے ہفتے میں آر اوز کو بھیج دی جائیں جائیں گی جو کہ کاغذات نامزدگی کے اجراء اور ان کی جانچ پڑتال میں استعمال ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ انتخابی مہم کیلئے امیدواروں کو صرف بغیر تصویر والی ووٹر لسٹیں دی جائیں گی اور تصاویر والی ووٹر لسٹیں صرف انتخابی عملے کو دی جائیں گی جوکہ جنوری میں آر اوز کو بھیجی جائیں گی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال نے ایڈووکیٹ محمد مقسط کی درخواست پر کیس کی ابتدائی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ آئین میں ایسا نہیں لکھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری محض 90 دن کے لیے ہے، اگر ملک کا ایگزیکٹو نہیں ہوگا تو ملک کیسے چلے گا؟ ملک کو ایک وزیراعظم کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا اس لیے نگران حکومت نئی حکومت آنے تک کام کرتی ہے۔