ریاض(ویب ڈیسک) پاکستانی مسافراب یکم دسمبر سے براہ راست سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں۔ مسافروں کو اب کسی تیسرے ملک میں 14 دن کے قرنطینہ میں گزارنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق نئی ہدایات کا اطلاق انڈونیشیا، برازیل، ویت نام، مصر اور ہندوستان کے مسافروں پر بھی ہوگا۔
تمام مسافروں کو پانچ دن کے لازمی قرنطینہ سے گزرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس پیشرفت کو ٹوئٹر پر شیئر کیا اور ساتھ ہی پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر جمع ہونے کی خبر بھی دی۔
وزیر کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ذخائر میں اضافے کے لیے رواں ہفتے 3 ارب ڈالر جمع ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعظم کے معاون مولانا طاہر اشرفی نے بھی سعودی وزارت داخلہ اور سعودی قیادت کا اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ "فیصلے کے نافذ ہونے کے بعد، ہزاروں پاکستانی، جو سعودی عرب واپس جانے کا انتظار کر رہے تھے، اب ملک سے واپس جا سکیں گے۔”