لاہور ہائیکورٹ نے شہر بھر کے کیفے رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق فاروق ہارون و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جوہر ٹاؤن میں ساری رات کیفے چلتے ہیں جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ ہائیکورٹ نے حکم دے رکھا ہے کہ 10 بجے کے بعد کوئی کمرشل سرگرمی نہیں ہوگی، یہ حکم بہت تھوڑی جگہ پر مانا جا رہا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ان سب کیفے کو سیل کیا جائے، رات 10 بجے کے بعد انہیں دیکھا جائے، جو کیفے کھلا ہو اسے سیل کیا جائے، پولیس اور ایل ڈی اے وہاں جائے، اور چیک کرے، جو خلاف ورزی کے مرتکب ہوں انہیں سیل کیا جائے اور عدالتی حکم کے بغیر ڈی سیل نہ کیا جائے، صرف ویک اینڈ پر رات گیارہ بجے تک کیفے کو کھولنے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے کئی شہروں مین سموگ کا راج ہے۔ لاہور اس وقت دنیا کا گندہ ترین شہر بن چکا ہے جبکہ سموگ کی وجہ سے سانس لینا بھی دشوار ہے۔ بزرگ اور بچے سب سے زیادہ سموگ سے متاثر ہو رہے ہیں۔ سموگ کی وجہ سے جلد، ناک اور گلے کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔