خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے پیشتو میں زوردار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ قریب موجود گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکر کنونشن میں بھی دھماکہ ہوا تھا جس میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے بعد ازاں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 63 ہوگئی تھی۔ علاوہ ازیں باجوڑ میں خودکش دھماکا کرنے والے حملہ آور کی تصویر پولیس نے حاصل کرلی تھیں، باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی۔ امریکا اور افغانستان نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق باجوڑ میں خود کش حملہ کرنے والے بمبار کی تصویر حاصل کر لی گئی، خودکش حملہ آور جے یو آئی (ف) کے کنونشن میں کرسی پر بیٹھا رہا، کنونشن میں حملہ آور نے بارودی مواد کمر سے باندھ رکھا تھا، تصویر میں حملہ آور کو بارودی مواد پر ہاتھ رکھے دیکھا گیا تھا۔