ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہر میں کسی بھی قسم کے مذہبی، سیاسی یا دیگر اجتماعات کو روکنا ہے۔ نوٹیفکیشن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ دو ماہ تک یہ پابندیاں عائد رہیں گی۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کی حتمی کال دی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت اس احتجاج کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے ۔
اسلام آباد میں حالیہ دنوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جو 17 نومبر کو ختم ہوئی، اور اب دوبارہ اس کی بحالی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ حکومت اسلام آباد میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کو سختی سے روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔