پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو متنازعہ عدالتی کارروائی کے ذریعے انصاف سے محروم کئے جانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جبر و انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات کے نمائشی ٹرائلز میں تیزی لانے اور انصاف کے بنیادی حق سے محروم کرنے کیلئے ٹرائل کو غیرمعمولی سست روی کا شکار کرنے یا محفوظ فیصلوں کے ذریعے ان پر انصاف کے دروازے بند کرنے کی بھی شدید مذمت کیے گئی۔ چیئرمین عمران خان کی محترمہ اہلیہ کیخلاف برپا جھوٹی اور نفرت انگیز پراپیگنڈہ مہم اور اہلِ خانہ کی قابلِ مذمت ہراسگی چیئرمین عمران خان کو اصولوں پر سمجھوتہ کرنے اور اپنی فقیدالمثال اصولی سیاسی جدوجہد سے دستبرداری پر مجبور کرنے کی مایوس کن کوششیں قرار دیا گیا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق اجلاس میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے باوجود ملک میں پرامن سیاسی سرگرمیوں پر ماورائے قانون پابندیاں اور تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں تیزی جمہوریت کے قتل کا منصوبہ قرار دیدیا گیا۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان، اکبر خان تنولی، ملک عامر سمیت اغواء برائے بیان کیلئے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے تمام کارکنان اور ذمہ داران کی فوری بازیابی و رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ اجلاس میں جیلوں میں قید سینئر قائدین اور مرد و خواتین کارکنان کے حوصلے، ہمّت، استقامت اور ثابت قدمی کو زبردست خراجِ تحسین پیش پیش کیا گیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے نشان کی فراہمی کے بنیادی قانونی و جمہوری حق سے محروم کرنے کی کوششیں انتخابات کی شفافیت کیخلاف سنگین نوعیّت کا شرانگیز منصوبہ قرار دیا گیا۔ قومی مجرم اور عدالتوں سے سزا یافتہ شخص کیلئے دستور، قانون اور جمہوریت کی لاشیں بچھا کر لندن معاہدے کے تحت اقتدار تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کی ریاستی کوششیں داخلی استحکام، معاشی بحالی اور قومی ہم آہنگی و سلامتی کیلئے تباہ کن قرار دیدیا گیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ اجلاس میں انتخابات میں تحریک انصاف کی بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کے باوجود شرکت اور امیدواروں کے تعیّن کی حکمتِ عملی پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی اور ظلم و جبر اور ماورائے دستور، قانون اور جمہوریت تحریک انصاف کو انتخابات سے بے دخل کرنے کی ریاستی کوششوں کا ہر ممکن سیاسی، قانونی اور جمہوری انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔