ہفتے کے روز تعلیمی ادارے اور دفاتر بندرہیں گے،ہفتے کے روز مارکیٹیں 3بجے کے بعد کھلیں گی۔ سموگ کی صورتحال کے پیش نظر آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سموگ کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیاکہ ہفتے کے روز تعلیمی ادارے،سرکاری اورنجی دفاتر بندرہیں گے اور ہفتے کے روز مارکیٹیں دوپہر 3بجے کے بعد کھلیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں 12مقامات پر سموگ میں کمی کے لئے سموگ ائیر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے۔سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ پاکستان میں 10فیصد فصلوں کی باقیات کوجلایا جاتا ہے جبکہ انڈیا 90فیصد فصلوں کی باقیات جلاتا ہے۔ انڈیا میں باقیات جلانے کی روک تھام پر کوئی کنٹرول نہیں جس کا ہم پربرا اثر پڑرہاہے۔سموگ پورے ریجن میں تکلیف کا باعث ہے اور بڑھتی جارہی ہے۔کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تا کہ آئندہ سالو ں میں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ٹیم کسانو ں کے لئے جدید مشینری کا تعین کرے گی۔بینکوں کے ساتھ ملکر کسانوں کے لئے جدیدمشینری خریدیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہو رمیں کابینہ کی منظوری کے بعد فوری طورپر 12 ائیرفلٹر آئیونائزر لگائے جائیں گے۔ائیر آئیونائزر لگانے سے ہوا میں ماحولیات آلودگی کم او رمعیار بہتر ہوگا۔ ائیر آئیونائزر ٹیکنالوجی دنیا کے کئی ممالک میں ماحول کی بہتری کے لئے کامیابی سے استعمال کی جارہی ہے۔