ملک بھر کے بجلی صارفین کو ایک اور کرنٹ دینے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ ذرائع کےمطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1.70 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ نیپرا جولائی تا ستمبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر کل سماعت کرے گی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافہ تقریباً 1.70 روپے فی یونٹ بنے گا۔
نیپرا حکام نے بتایا کہ یکساں ٹیرف کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔ کراچی کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ڈسکوز نے بجلی صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست کر رکھی ہے اور کمپنیوں نے کیپیسٹی چارجز کی مد میں 12 ارب ، 12 کروڑ 60 لاکھ روپے وصولی کی اجازت مانگی ہے۔
دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمتوں میں 75 روپے کا ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت 65 روپے سے بڑھا کر 140 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گندم کا فی من ریٹ 4700 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کا ایکس مل ریٹ 1374 روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم 10 کلو آٹے کے تھیلے کا پرچون ریٹ 1399 روپے مقرر ہوا ہے۔