خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کی رحلت کے بعد پیدا ہونے والے انتظامی و آئینی بحران پر پاکستان تحریک انصاف کا ردّعمل سامنے اگیا ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والا سنگین انتظامی و آئینی بحران نہایت تشویشناک، صوبے کے عوام اور ملکی سلامتی کیلئے نہایت پریشانی کا باعث ہے، دستور محض عوام کے منتخب نمائندوں کو انتظامی اختیارات سونپتا اور انہیں فیصلہ سازی کا مجاز بناتا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اپنے جغرافیے اور داخلی خدوخال کے اعتبار سے نہایت حسّاسیّت کا متقاضی ہے، افغانستان کے حالات اور مرکز میں نگران حکومت کی ناقص خارجہ حکمتِ عملی سے صورتحال پیچیدگی اختیار کرتی جارہی ہے، سال کے آغاز میں صوبائی مقننہ کی تحلیل کے بعد نوّے روز کی دستوری مدت میں صوبے میں انتخاب کا انعقاد اور منتخب حکومت کا قیام ناگزیر تھا۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور انتظامی و دستوری بحران کے مؤثر حل کی کلید فوری انتخاب کے ذریعے منتخب حکومت کا قیام ہے، ماورائے دستور اقدامات پر انحصار کی بجائے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں آئین کی روح کے مطابق صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔