پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ میں کور کمیٹی کی جانب سے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کیخلاف انتقامی حربوں میں تیزی اور سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کے ماحول اور مواقع (لیول پلیئنگ فیلڈ) میں شدید نوعیّت کے بگاڑ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دستور الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند، نگران حکومتوں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری سونپتا ہے، انتخابات کی تاریخ کے تعیّن کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ریاستی انتقام کے مجرمانہ سلسلے میں شدت اور تیزی آئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے باوجود ریاستی اداروں کی جانب سے تحریک انصاف کے قائدین کے ”اغوا برائے بیان“ کا ذلّت آمیز سلسلہ جاری ہے، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علی نواز اعوان کی جبری گمشدگی پر الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بےعملی لاقانونیّت کی بدترین مثال، ہر لحاظ سے شرمناک ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگران حکومت اپنا آئینی فرض نبھانے میں کلیتاً ناکام اور دستور سے انحراف کے ریاستی ایجنڈے میں کلیدی سہولتکار ہیں۔