سپریم کونسل آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین نعیم میر نے لاہور سمیت پنجاب کے 8 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر نگران پنجاب حکومت کی کنفیوزڈ پالیسیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کے پیش نظر حکومت نے چار دن سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کیا تھا، کمشنر لاھور سے مذاکراتی عمل کے نتیجے میں 9 اور 10 نومبر کو کاروبار کھلے رکھنے پر اتفاق ہو گیا اور ساتھ ہی 11اور 12نومبر کو مارکیٹیں بند کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ اس حوالے سے نگران حکومت نے نوٹفکیشن جاری کردیا تھا لیکن آج بروز جمعہ 10 نومبر مارکیٹوں کو بند کرنے کے لئے پولیس نے دھاوا بول دیا ہے۔
نعیم میر نے کہا کہ یہ حکومت کے نوٹفکیشن اور ہماری انڈرسٹینڈنگ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بارش ہو جانے کی صورت میں سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا اور آج لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش بھی ہو گئی ہے اور لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی بہتر ہو گیا ہے۔ حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرے اور اپنی کریڈیبیلٹی خراب نہ کرے۔ نعیم میر نے کہا کہ اگر حکومت کے جھوٹ بولنے کا تاثر عام ہوگیا تو ہم کبھی بھی ان پر دوبارہ اعتبار نہیں کریں گے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن فی الفور ختم کرنے کا اعلان کیا جائے۔
واضح رہے کہ آج صبح سویرے بادلوں نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جس کے بعد سموگ کا خاتمہ ہو گیا ہے اور موسم بھی سرد ہو گیا ہے۔