استحکام پاکستان پارٹی نے راولپنڈی میں پارٹی دفتر کا افتتاح کر دیا ہے۔ پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم نے روائتی سیاسی پارٹیوں کو چھوڑ کر نئے جذبے سے کام شروع کیا ہے اور ہم نے ایسا پاکستان بنانا ہے جس کو دیکھ کر لوگ خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم روائتی سیاستدان نہیں ہیں، سب کچھ چھوڑ کر ملک کی خاطر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت عوام ہیں،پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور یہاں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔انہوں نے کہا کہ علیم خان نے پی ٹی آئی کے لئے بہت محنت کی لیکن اُن کو جیل میں ڈالنا بہت بڑا ظلم تھا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ملک اور عوام کے ساتھ جھوٹ بولا اور ایماندار اور اہل قیادت دکھا کرایسے نا اہل، کرپٹ اور بے ایمان شخص کو پنجاب پر مسلط کیا جس کو اردو،انگریزی اور پنجابی کچھ بولنا نہیں آتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر بزدار اتنا ہی اہل تھا تو اسے شوکت خانم ہسپتال کا چیگ ایگزیکٹو بنا دیا جائے اور فرح گوگی کو نمل یونیورسٹی میں لگا کر دیکھ لیں کہ کتنے لوگ ان پر اعتماد کر کے چندہ دیتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ فرح گوگی کی موجودگی میں ڈی سیز کی پوسٹنگ کے لئے نیلامی لگائی جاتی تھی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر کی تجوریاں بھری جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر خان کے بچوں پر جھوٹے پرچے کٹوائے گئے اور مجھے ناجائز طور پر 100 دن جیل میں رکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو پچھلی حکومت میں ہم نے وعدے کیے تھے وہ سارے وعدے استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کی قیادت میں ضرور پورے کرے گی اور انشاء اللہ یہیں سے اپنی وکٹری کا اعلان کریں گے۔ پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان نے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی کو پارٹی دفتر کے افتتاح پر مبارکباد پیش کی جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شاہین کا نیا نشیمن پارٹی کو مبارک ہو،اب شاہین نے راولپنڈی کی فضاؤں میں پرواز بھر لی ہے اوران فضاؤں میں بھی شاہین کی حکمرانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سیکرٹریٹ کے افتتاح سے پارٹی کی صف بندی زیادہ موثر اور پہلے سے زیادہ متحرک ہوگی۔تقریب کے اختتام پرجنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور پارٹی قیادت کوعوامی امنگوں کی ترجمان اور حقیقی قیادت قرار دیا۔ تقریب میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ نے بھی شرکت کی۔
دریں اثناء استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان سے لاہور سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر فیاض بھٹی نے ملاقات کی جبکہ فیاض بھٹی نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے تمام ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان نے فیاض بھٹی کو پارٹی مفلر پہنا کر اُن کا خیر مقدم کیاجبکہ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خان خاکوانی اور عون چوہدری بھی موجود تھے۔