پی آئی اے کے جہاز سے کتا ٹکرا گیا، ران وے پر کتا ٹکرانے کی وجہ سے جہاز حادثے سے بال بال بچا۔ مختلف بحرانوں کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کو ایک نئے مسئلے کا سامنا ہے۔ پی آئی اے تیل نہ ملنے کی وجہ سے شدید بحران سے گزر رہی ہے جبکہ کئی طیارے پہلے ہی گراؤنڈ ہیں ایسے میں سیلاکوٹ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز سے کتا ٹکرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ٹیک آف کیلئے رن وے پر دوڑ رہی تھی کہ اچانک ایک جانب سے کتا سامنے آیا اور جہاز سے ٹکرا گیا۔ ٹکر کی وجہ سے کتے کی فورا موت ہو گئی جبکہ پوائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو حادثے سے آگاہ کیا۔ ٹاور نے کوئی نقصان نہ ہونے کی وجہ سے جہاز کو ٹیک آف کی اجازت دیدی جس کے بعد پرواز نے ٹیک آف کیا۔ ذرائع کے مطابق پرواز بال بال حادثے سے بچی۔
چند روز قبل لاہور میں بھی متحدہ عرب امارات سے آنے والی پرواز سے لینڈنگ کے دوران ایک جانور ٹکرا گیا تھا۔ نجہ ائیرلائن کی پرواز کے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیا تھا جس کے بعد رن وے عملے کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان انترنیشنل ائیرلائن زوال کا شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔