محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بدھ سے جمعرات تک موسلادھاربارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 8 سے 9 نومبر کے دوران بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا مغربی سسٹم بھی پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے دوران خوف و حراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز چین کے علاقے کاشغر سے 28 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلہ 2 بج کر 19 منٹ پر آیا۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چین اور پاکستان کے ساتھ ساتھ تاجکستان اور افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے البتہ زلزلے کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔