لاہور(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کے لیے ایک اور منصوبہ سامنے آگیا۔ اورنج ٹرین کے نئے کرایوں کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلیٰ ہاؤس بھجوا دی گئی، جس میں کرایہ بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک بار پھر لاہوریوں کے لیے سستی پبلک ٹرانسپورٹ مزید مہنگی کرنے کی سفارش کی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اورنج ٹرین کا 5 کلومیٹر تک کا کرایہ 20 روپے، 5 سے 10 کلومیٹر تک کا کرایہ 30 روپے اور 10 سے 15 کلومیٹر تک کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔
اسی طرح 15 سے 20 کلومیٹر کا کرایہ 50 روپے، 20 سے 25 کلومیٹر کا کرایہ 60 روپے اور 25 کلومیٹر سے زائد کا کرایہ 70 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس سے قبل قائمہ کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کو سفارش کی تھی۔ اورنج ٹرین کا کرایہ سٹیشن سے سٹیشن تک مقرر کرنے کے لیے تاہم کرایوں میں اضافے کا فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق اورنج ٹرین اسٹیشن کے کرایوں سے عوام پر بوجھ نہیں بڑھے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں کرایہ طے کرنے کا ایجنڈا شامل کیا گیا ہے۔