کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال کیا۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن بنچوں کی مشترکہ حکمت عملی بنانے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ریلیف لالی پاپ کے نام پر عوام کے لیے مزید مسائل پیدا کیے ہیں۔ پی پی پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کے لیے رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز اپوزیشن رہنماؤں نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو ’’رات گئے عوام پر ایک اور پٹرول بم ‘‘ قرار دیا۔
سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ریلیف نہیں دے رہے تھے بلکہ درحقیقت مانگ رہے تھے۔