اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے اپنے خطاب میں "تاریخی ریلیف پیکیج” کا اعلان کریں گے۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی پہلی ترجیح عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہے اور وہ انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔
عوام کی تکالیف کا تدارک عمران خان کی پہلی ترجیح ہے۔وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ قوم سے خطاب میں ملکی تاریخ کے بڑے عوامی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔ یہ پیکج عوام کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 3, 2021
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ پیکج لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔”
اس سے قبل منگل کو ذرائع نے میڈیا کو بتایا تھا کہ وزیراعظم سے توقع ہے کہ وہ اس خفیہ معاہدے پر قوم کو اعتماد میں لیں گے جو حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم قوم سے ملک کی موجودہ اقتصادی، سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال پر بات کریں گے۔
بعد ازاں دن میں اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعظم اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں بھی قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب حکومت نے کالعدم تنظیم کے ساتھ کیے گئے ایک خفیہ معاہدے پر عمل درآمد شروع کر دیا اوراس معاہدے کے تحت پنجاب بھر میں کالعدم تنظیم کے 800 سے زائد کارکنوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔