لاہور(ویب ڈیسک) پولیس نے منگل کو ماڈل ٹاؤن کینال روڈ کے قریب چنگچی رکشے میں نوجوان خاتون کو ہراساں کرنے پر دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
خاتون کے والد کے مطابق، ایک موٹرسائیکل پر سوار افراد نے اس وقت ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا جب ہم شادی سے گھر واپس جانے کے لیے ایک چنگچی رکشے پر بیٹھ گئے۔
محمد شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ان افراد نے ان کی بیٹی پر نامناسب تبصرے کیے۔ "ایک ٹریفک سگنل پر، انہوں نے اس کا ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی۔ ایک آدمی نے میری بیٹی کا چہرہ بھی پکڑنے کی کوشش کی۔‘‘
اس دوران اہل خانہ نے ملزمان کی موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ نوٹ کی اور فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی۔
علاقہ کے ایس ایچ او محمد قاسم نے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ موٹر سائیکل کا نمبر محکمہ ایکسائز کو بھیج دیا گیا اور چند گھنٹوں میں ہم نے ان افراد کو گرفتار کر لیا۔
پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 509ii کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق، جو شخص جنسی طور پر ہراساں کرتا ہے یا زبانی یا ایسے اشارے کرتا ہے یا جنسی نوعیت کا جسمانی برتاؤ کرنے کی کوشش کرتا ہے اسے تین سال قید کے ساتھ، 500,000 روپے تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
گزشتہ چند ماہ میں لاہور میں اس طرح کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 21 اگست کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک خاتون کو ہراساں کرنے پر 10 مردوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔