پشاور(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ہنگو ضلع میں ایک کارروائی میں کم از کم چار مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے عسکریت پسند کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے رکن تھے۔
آپریشن ہنگو کی تحصیل تھل کے علاقے جھازو میدان میں کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، سیکیورٹی حکام کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ جب پولیس ان کے ٹھکانے کے قریب پہنچی تومشتبہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے چار مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن کی شناخت بعد میں مصطفی خان، احمد رحیم، سمیم سعید اور مصطفی خان کے طور پر کی گئی۔
ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے تھا اور وہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی متعدد کارروائیوں کے لیے مطلوب تھے۔
۔
دہشت گردوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے تھل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعد ازاں نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
سیکورٹی فورسز کا علاقے میں ابھی تک سرچ آپریشن جاری ہے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے دو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی حفاظت کرنے والے متعدد پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے اور قتل کرنے میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی نے ٹھکانے سے چار ایس ایم جیز، 16 چارجرز اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
ہنگو اور کے پی کے دیگر اضلاع میں اگست میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اکتوبر میں تھل میں فوجی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک فوجی شہید ہو گیا تھا۔
اکتوبر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا تھا۔