ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے سابق وزیراعلی پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف کا بیان سامنے آیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت میں ورلڈ کپ کھیلتے ہوئے اپنی بھرپور صلاحیتیں دکھا رہی ہے، یہ وقت اپنی ٹیم کی ہمت بندھانے اور حوصلہ افزائی کرنے کا ہے، ایسے موقع پر حوصلہ شکن رویوں سے پرہیز کرنا چاہئے، شاہینوں کی کامیابی کے لئے پوری قوم دعاگو ہے، دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں نبرد آزما گرین شرٹس کے حوالے سے ذمہ دار رویہ اپنانا چاہئے، اس وقت حوصلہ افزا طرز عمل اور مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنا ٹیم پاکستان کے مفاد میں ہے۔
دوسری جانب معروف بھارتی کمنٹیٹر اور کرکٹ تجزیہ کار ہرشا بھوگلے نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں مسائل کا ذمہ دار لاہور قلندرز فرنچائز کو قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہرشا بھوگلے نے بھارتی سپورٹس میڈیا سائٹ کرک بزز کو انٹرویو دیا ہے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مسائل کی وجہ لاہور قلندرز ہے، لاہور قلندرز کی فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں کافی بااثر ہے۔
ہرشا بھوگلے نے کہا کہ لاہور قلندرز کے بااثر ہونے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم میں تنازعات جنم لے رہے ہیں، ہمیں نطر آتا ہے کہ قیادت کا شور کہاں سے آرہا ہے۔ انہوں نے بطور کپتان شاہین آفریدی کے انتخاب پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انجریز کی وجہ سے ان کیلئے قیادت بوجھ بن سکتی ہے۔ گرین شرٹس کے ممکنہ کپتان کے طور پر شاہین شاہ آفریدی کا نام بہت زیادہ لیا جا رہا ہے اور وہ لاہور قلندرز کو ٹائٹل بھی جتوا چکے ہیں، جس نے انکی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا لیکن انکی انجریز تشویش کا باعث ہیں۔