مولانا طارق جمیل کے فرزند عاصم جمیل گزشتہ روز سینے میں گولی لگنے کی وجہ سے جانبحق ہوگئے تھے۔ انکی نماز جنازہ گزشتہ شب ان کے آبائی گاؤں تلمبہ میں ادا کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ان کی موت کے وقت مولانا طارق جمیل فیصل آباد میں موجود تھے جہاں وہ رائونڈ اجتماع کی تیاریوں سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ عاصم جمیل کے بڑے بھائی مولانا یوسف "ایم ٹی جے برانڈ” کی طرف سے دیئے گئے لنچ میں شرکت کے لیے میانوالی گئے ہوئے تھے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی تعلیم کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے نماز جنازہ کے موقع پر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ جوان بیٹے کا صدمہ بہت بڑا صدمہ ہے، جنازے میں شرکت کرنے پر آپ عوام کا بہت شکریہ، میرا بیٹا بہت نیک اور پیارا تھا، ہم اللہ کی رضا پر راضی ہیں، ہمیں پتہ ہے زندگی کا دھاگہ ایک دن ٹوٹے گا، میں اللہ کا شکر گزار ہوں اور اتنا بڑا اجتماع دیکھ کر مجھ حوصلہ ہوگیا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ آخرت کی تیاری ضروری ہے، اگر اللہ راضی ہے تو موت خوبصورت تحفہ ہے، ایک دوسرے کو معاف کرنا سیکھو، میرا بیٹا بیماری کی وجہ سے پریشان رہتا تھا، میرا بیٹا اکثر کہتا تھا بابا میں اللہ سے ملوں گا۔