ملک میں عام انتخابات 28 جنوری 2024 کو متوقع, الیکشن کمیشن دو دن بعد سپریم کورٹ کو اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کی متوقع تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے 28 جنوری 2024 بروز اتوار متوقع تاریخ ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن دو روز بعد سپریم کورٹ کو اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کر دے گا۔ حکومتی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ تاریخ پر انتخابات کرانے کی تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو پر سخت ردعمل دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی تردید کی تھی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔
ملک میں عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اعتراضات دور کرنے کا دوسرا مرحلہ کل مکمل ہوگا جبکہ اعتراضات پر سماعت 30 اکتوبر کو شروع ہو گی۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے فوراََ بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔