ٹریفک وارڈن کی حاضر دماغی، بچے کو اغوا ہونے سے بچا لیا
لاہور:لاہور میں ٹریفک وارڈنز کی فوری کارروائی نے ایک معصوم بچے کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق، گجومتہ کے ناکے پر دو موٹرسائیکل سوار ایک 12 سالہ بچے کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ بچہ مزاحمت کرتا رہا اور چلتی موٹرسائیکل سے اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس صورت حال کو مشکوک جانتے ہوئے، سینئر وارڈن فرخ نے موٹرسائیکل سوار کو روکنے کا اشارہ کیا۔ اس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار، جو کہ حمزہ نامی بچے کو لے جانے کی کوشش کر رہے تھے، بچے کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ بچے نے بیان دیا کہ اسے نشہ آور چیز کھلا کر زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
بعد ازاں بچے کو اس کے والد کے حوالے کر دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے سینئر وارڈن فرخ اور انچارج کاہنہ فاخر کی شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وارڈنز ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔