پیٹرول سستاہونے کے ثمرات،پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی
لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز کی ہدایات پر ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کی گئی ہے، جس کے تحت مختلف راستوں پر کرایوں میں 20 سے 190 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔ لاہور سے کراچی کے کرائے میں 190 روپے کی کمی کی گئی ہے، جبکہ لاہور سے پشاور کے کرائے میں 50 روپے اور لاہور سے راولپنڈی کے کرائے میں 20 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے پر کرایوں میں کمی کی جاتی ہے۔ مریم نواز کی ہدایات کے تحت ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران میدان میں موجود ہیں، اور تمام بس اڈوں پر نئے کرایہ ناموں کے بورڈ آویزاں کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے ٹرانسپورٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسلسل پانچواں موقع ہے جب پٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جس کا مثبت اثر ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر بھی پڑا ہے۔ مریم نواز کی حکومت کی آمد کے بعد پنجاب میں پٹرول سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے دیگر صوبوں پر بھی زور دیا کہ وہ پنجاب حکومت کی پیروی کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے پر اپنے کرایوں میں بھی کمی کریں۔