عمران خان کی رہائی کیلئے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا:علیمہ خان
راولپنڈی: بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے خود کہا ہے کہ احتجاج کبھی روکا نہیں جا سکتا، نہ ہی پرسوں کے دن ایسا ہونا چاہیے تھا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کو جیل سے رہا کروانا ہے اور فسطائیت کا خاتمہ کرنا ہے تو پُرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔ اگر ہم پُرامن احتجاج نہیں کریں گے تو یہ ممکن ہے کہ عمران خان کو فوجی جیل میں بھی ڈال دیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے شہری اپنی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے پُرامن احتجاج کر رہے تھے، لیکن وہاں پولیس کے بجائے کالے کپڑوں میں ملبوس خصوصی یونٹ نے لوگوں پر ربڑ کی گولیوں کی بوچھاڑ کی۔ علی امین گنڈاپور کے بڑے قافلے پر بھی فائرنگ کی گئی۔ وفاق میں 17 اور پنجاب میں 25 سیٹوں کی حکومت احتجاج سے خوفزدہ ہے۔
علیمہ خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمیں عمران خان اور آزاد عدلیہ چاہیے، اور احتجاج کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کیلئے اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔
مزید برآں، علیمہ خان نے بتایا کہ ملتان، فیصل آباد، میانوالی اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔ پُرامن احتجاج عوام کا آئینی حق ہے اور عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر مینار پاکستان لاہور میں بھی ایک بڑا احتجاج ہو گا۔