ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے، عوامی اجتماعات میں شرکت کریں گے
اسلام آباد: عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر اور معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ 28 اکتوبر تک قیام کریں گے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آمد پر اسلام آباد کے نیو ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کا استقبال کرنے والوں میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطا الرحمان، اور پارلیمانی سیکریٹری شمشیر علی مزاری سمیت کئی اہم حکومتی شخصیات شامل تھیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے قیام کے دوران ملک کے تین بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نماز جمعہ کے اجتماعات میں خطاب اور امامت بھی کریں گے۔ عوام کو ان کی بصیرت سے بھرپور اسلامی تعلیمات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا، جہاں وہ معاشرتی، اسلامی اور عالمی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا یہ دورہ حکومت کی دعوت پر ہورہا ہے، جس دوران وہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں موجودہ عالمی اسلامی مسائل اور ان کے حل پر بات چیت متوقع ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر عوام میں اسلامی شعور اور بصیرت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
رانا مشہود نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسلامی بصیرت اور اعتماد یقین کو فروغ دیتی ہے اور دنیا کے مختلف حصوں میں اسلام کے پیغام کو عام کرتی ہے۔
اسلام آباد میں قیام کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کو سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے تاکہ ان کی سرگرمیاں محفوظ اور پرامن طریقے سے انجام پائیں۔ ان کی آمد سے عوام میں ایک نئی بیداری اور امید کی لہر پیدا ہوئی ہے