شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق، 8 شدید زخمی
شمالی وزیرستان: ماڑی پیٹرولیم کے چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر کو دوران پرواز شمالی وزیرستان میں تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر تیل کے میدان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر پر سوار 14 افراد میں سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 شدید زخمی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 غیر ملکی پائلٹس بھی شامل ہیں۔
ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن کے مقصد سے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ حادثہ تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آیا، اور اس کا علاقے کی سیکیورٹی صورتحال یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ حادثہ تیل کے میدان کے قریب پیش آیا جہاں ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کر رہا تھا۔
حادثے کے فوری بعد پاک فوج اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور کمپنی تمام متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاکہ حادثے کی تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔