پاکستان میں سولر پینل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر
کراچی : اگست 2024 میں پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب فی واٹ سولر پینل کی قیمت کم ہو کر 28 روپے تک پہنچ گئی ہے جو کہ کچھ مہینے پہلے اپریل 2024 میں 39 سے 40 روپے فی واٹ تک تھی۔ اس کمی کی بنیادی وجہ مقامی مارکیٹ میں اضافی سپلائی اور بین الاقوامی سطح پر سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو سال قبل 80 روپے فی واٹ میں ملنے والی سولر پینل پلیٹ اب 28 سے 30 روپے فی واٹ میں دستیاب ہے۔ مئی 2024 میں قیمتوں میں معمولی کمی آئی تھی، لیکن اب اگست میں مزید کمی کے بعد صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ صرف ایک سال میں پاکستان نے 8 ہزار میگاواٹ سولر پینلز درآمد کیے ہیں۔ اتنی بڑی مارکیٹ ہونے کے باعث کچھ کمپنیاں پاکستان میں سولر انورٹرز کے پلانٹ لگانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہیں، جو مقامی طور پر تیار کردہ سولر سسٹمز کی مدد سے زرمبادلہ کی بچت میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
مزید برآں، اگر سولر سسٹم کو کیو آر کوڈ تصدیق کے ساتھ معیاری طور پر نصب کیا جائے اور اس کی باقاعدہ صفائی کا خیال رکھا جائے، تو یہ نظام کئی سالوں تک بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہے۔