28 ستمبر احتجاج،ہر ضلع سے کتنی گاڑیوں کا قافلہ نکلے گا، پی ٹی آئی کا پلان تیار
پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پارٹی کے متعدد رہنماؤں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے پارٹی ذمہ داریوں کی سنجیدگی پر زور دیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے رہنماؤں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہر جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر منعقد کیا جا رہا ہے، تاہم بعض رہنماؤں کی جلسوں میں عدم دلچسپی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک کے مطابق کارکنوں کو جلسوں میں شرکت کے لیے باہر نہ نکالنا عمران خان کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام رہنماؤں کو خبردار کیا کہ ہر جلسے کی کامیابی ان کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر کسی کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقائق پر مبنی رپورٹ بانی پارٹی عمران خان کو پیش کی جائے گی اور پارٹی کے لیے قربانی دی گئی تو اس کا مثبت اثر ان کے مستقبل کی سیاست پر پڑے گا۔
علی امین گنڈا پور نے خاص طور پر راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر ضلع سے نمائندے کم از کم 35 سے 45 گاڑیاں لے کر جلسے میں شرکت کریں گے۔ قافلے صبح 10 بجے پشاور سے روانہ ہوں گے اور 11 بجے صوابی میں اکٹھا ہو کر راولپنڈی کی جانب وزیراعلیٰ کی قیادت میں سفر کریں گے۔