مریم نواز کی علی امین گنڈاپور پر سخت تنقید، کسانوں کیلئے تاریخی ریلیف
فیصل آباد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ گالیاں دینے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے کے بجائے عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا، اسے سخت جواب ملے گا۔
مریم نواز نے اپنی تقریر میں کہا کہ نوجوانوں کے نعرے لگانے والے بہت آئے اور گئے، لیکن جو کام ہم نے کیا، وہ کسی اور نے نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی کی ناراضی کے باوجود 90 فیصد نوجوانوں کو اپنی حکومت میں شامل کیا جو نہ صرف باصلاحیت ہیں بلکہ اپنی محنت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 سال میں ایک بھی نوجوان کو میرٹ پر نوکری نہیں دی گئی، جبکہ ہم نے محض چھ ماہ میں 1000 نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں، جن کی تنخواہیں 60 ہزار روپے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام بھرتیوں میں مکمل میرٹ کو مدنظر رکھا گیا اور کوئی بھی سفارش پر بھرتی نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگلے سال پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کسان پیکیج کا آغاز کیا جائے گا، جس کی مالیت 400 ارب روپے ہوگی۔
انہوں نے خیبر پختون خوا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں حکمران عوام کی فلاح کے بجائے گالی گلوچ اور جلاؤ گھیراؤ پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی پنجاب کے اسپتالوں میں جاتی ہوں، وہاں کے پی سے آئے ہوئے مریض دیکھتی ہوں، خاص طور پر دل کے مریض بچوں کے لیے فوری سرجری کا بندوبست کیا گیا، جس میں سے کئی بچے خیبر پختون خوا سے تعلق رکھتے ہیں۔
مریم نواز نے خیبر پختون خوا کے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پر توجہ دیں اور اپنی توانائیاں جلاؤ گھیراؤ میں ضائع نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان باتوں سے گھبراتی نہیں ہیں اور عوام کے حقوق کی حفاظت کرتی رہیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مددگار ہیلپ لائن پر ویڈیو کال کی سہولت دی گئی ہے، اور اب بچیوں کو پینک بٹن بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ کسی بھی مشکل صورتحال میں فوراً پولیس سے مدد حاصل کرسکیں۔
انہوں نے گندم کی خریداری میں ہونے والی کرپشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں سے براہ راست گندم نہیں خریدتی بلکہ آڑھتیوں کے ذریعے خریداری کرتی ہے، جو ایک مافیا کی طرح کام کرتے ہیں اور کسان کا استحصال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم کی کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے پنجاب میں مہنگائی کا گراف نیچے آ رہا ہے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت جلد کسان کارڈ لانچ کرنے جا رہی ہے، جس کے تحت ہر فصل کے لیے بلا سود ڈیڑھ لاکھ روپے فی کسان قرض دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے ایک ملین سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، اور اب تک 50 ہزار کسانوں کو کارڈ فراہم کیے جاچکے ہیں، جو 15 اکتوبر سے فعال ہوجائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے علی امین گنڈا پور کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تمہارا کام اپنے صوبے کی دیکھ بھال ہے، نہ کہ دوسرے صوبوں پر حملے کرنا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو دہشت گرد بنانے کی کوششیں ناکام بنادی جائیں گی اور اگر کوئی پنجاب میں قانون توڑے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے جلسوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جو کام کرنے والے ہوتے ہیں، ان کے پاس دوسرے صوبوں میں جاکر جلسے کرنے کا وقت نہیں ہوتا۔ انہوں نے علی امین گنڈا پور کے خلاف مزید کہا کہ وہ موٹر وے پر رانگ وے پر گاڑیوں کا قافلہ لے کر چل پڑے اور لاکھوں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ میں پنجاب کے عوام کی خدمت میں مصروف ہوں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بیٹر کے زوردار شارٹ نےایمپائر کے منہ کا حلیہ ہی بگاڑ دیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل…
پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو ہونے والا احتجاج رکوانے کے لیے پس پردہ ملاقاتیں جاری ہیں۔سینیئر صحافی انصار…
سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی۔آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس…
معروف خاتون نجومی باباوانگا نے ۲۰۲۵ سے متعلق خطرناک پیشگوئیاں کر دیں۔۱۹۱۱ میں پیدا ہونے والی بابا وانگا نے مرنے…
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)…
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حفیظ الرحمان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح…