پرویز الٰہی، زارا الٰہی، راسخ الٰہی کیلئے بڑا عدالتی ریلیف
لاہور :سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پرویز الہٰی اور دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت میں تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس کے بعد عدالت نے درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے پرویز الہٰی، راسخ الہٰی، اور زارا الہٰی کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیے۔
پرویز الہٰی کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کے خلاف درج مقدمات کی ضمانتیں عدالتوں سے منظور ہو چکی ہیں اور وہ 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ کرنے اور برطانیہ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواستیں منظور کرتے ہوئے، ناموں کے ای سی ایل اور پاسپورٹ لسٹ سے اخراج کا حکم دیا۔
درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود نام پاسپورٹ اور ای سی ایل سے نہیں نکالا جا رہا، جس پر عدالت نے افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دیا۔