عمران خان پر ہاتھ ڈالنے والے معافی مانگیں، میں کیوں مانگوں: علی امین گنڈاپور
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک ویڈیو خطاب میں حکومت اور اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ کسی سے معافی نہیں مانگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معافی وہ مانگیں جنہوں نے عمران خان پر ہاتھ ڈالا اور ان کے خلاف سازشیں کیں۔
علی امین گنڈاپور نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ جلسوں کے حوالے سے جھوٹے بیانیے گھڑے گئے کہ راستے کھلے ہیں، جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حکومتی حرکات سے کسی نیک نیتی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
اپنے خطاب میں گنڈاپور نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت کے دعوے دار ہیں مگر اصل میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کا پیسہ لوٹا، اور شہباز شریف کو "چیری بلاسم” کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بوٹ پالش کرنے میں ماہر ہیں۔ گنڈاپور نے مریم نواز پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پرورش ایک آمرانہ ماحول میں ہوئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں عمران خان کی قید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 414 دن گزر چکے ہیں اور ابھی تک وہ قید میں ہیں۔ انہوں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "قوم غلام نہیں ہے اور نہ ہی وہ غلامی برداشت کرے گی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ سب غیر آئینی ہے۔
گنڈاپور نے عمران خان کے دور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک کی معیشت، بجلی، گیس اور روزگار کی صورتحال بہتر تھی۔ عمران خان نے خود مختار خارجہ پالیسی کے لیے کام کیا اور یہی وجہ تھی کہ انہیں ایک سازش کے تحت ہٹایا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز پورے ملک میں پرامن احتجاج کیے جائیں گے اور اتوار کو میانوالی میں ایک بڑا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنڈی اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کیے جائیں گے، اور اس تحریک کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔
معافی مانگنے کے حوالے سے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ "معافی کس سے اور کیوں مانگوں؟ معافی وہ مانگیں جنہوں نے عمران خان پر ہاتھ ڈالا۔” انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر ظلم کیا گیا، اور سوال اٹھایا کہ اس کی معافی کون مانگے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مقدمات درج کرنے ہیں تو حکومت کر لے، لیکن ہم تگڑے بن کر کھڑے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان کی تحریک علامہ اقبال اور قائداعظم کے خوابوں کا پاکستان بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ اپنی نسلوں کو آزاد کریں گے اور اس تحریک کے لیے ہر لمحہ تیار رہنے کی اپیل کی