لاہور پولیس کا گداگروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
لاہور پولیس نے رواں سال گداگروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2523 مقدمات درج کیے ہیں اور 2566 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان میں 2477 مرد، 86 خواتین اور 3 سہولت کار شامل ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، سٹی ڈویژن سے 665، کینٹ ڈویژن سے 248، سول لائنز ڈویژن سے 284، صدر ڈویژن سے 528، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 359، اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 482 گداگروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی گداگری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور وہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور کو اس سماجی مسئلے سے پاک کرنے کے لیے گداگری پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، خاص طور پر وہ گروہ جو بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر بھیک منگاتے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے گداگروں کے ہینڈلرز کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک سگنلز، چوکوں، اور اہم شاہراؤں پر گداگروں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گداگر مافیا کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں۔