بانی پی ٹی آئی پر انتہائی سنگین نوعیت کا مقدمہ درج
اسلام آباد / بیجنگ: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے خلاف ایک متنازعہ پوسٹ کے بعد سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے والی پوسٹس کیں۔ مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے درج کیا، جسے 1138/24 نمبر دیا گیا، اور یہ کیس 13 ستمبر کو اسلام آباد میں درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، حکومت کے خلاف عوام کو اکسانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹس کو بنیاد بنا کر یہ مقدمہ بنایا گیا۔ اس کیس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے تفتیش کا عمل شروع کیا۔ ایف آئی اے کی چار رکنی ٹیم 13 ستمبر کی شام کو 7 بج کر 45 منٹ پر اڈیالہ جیل پہنچی تاکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے اکاؤنٹ سے کی جانے والی بغاوت انگیز پوسٹس کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا سکے۔
ایف آئی اے ٹیم کے اڈیالہ جیل پہنچنے کے بعد، بانی پی ٹی آئی کو جیل کے ڈپٹی سپریڈینڈنٹ کے ذریعے تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔ تاہم بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکلا سے مشاورت کے لیے وقت مانگا اور فوراً تفتیش کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قانونی رائے کے بعد اس معاملے پر بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم آج صبح دوبارہ اڈیالہ جیل پہنچے گی اور بانی پی ٹی آئی سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔
تحریک انصاف کی جانب سے اس مقدمے کو سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹس کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے اور انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔