شہباز شریف ہر چیز کے لیے این او سی لیتے ہیں، کل غائب ہو سکتے ہیں: عمران خان
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو اسٹیبلشمنٹ نے غائب کیا اور وہ ان کی لاج رکھ رہا ہے، اس لیے خاموش ہے۔ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو موجود ہے جو ملک کے اداروں کو تباہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ماتحت عدلیہ سے عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، اور گزشتہ دنوں ایک جج نے بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ ہدایات لے کر دیا۔
عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا فوج اور عدلیہ کے کسی عہدے پر توسیع نہ دینے کا بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پہلے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور اب جج کو توسیع دے کر عدلیہ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ قاضی فائز عیسیٰ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انتخابی دھاندلیوں کو تحفظ دے رہے ہیں اور انہیں توسیع دی جا رہی ہے تاکہ وہ عدلیہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھ سکیں۔
عمران خان نے اس موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی کمی پر بھی بات کی اور سنگاپور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 140 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے جبکہ پاکستان میں ایک ارب ڈالر سے بھی کم سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری وہاں آتی ہے جہاں قانون کی بالادستی ہو اور اس وقت پاکستان میں ججز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور عدالتی نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل امید بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں، جو ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے اسی وقت نجات ملے گی جب بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کریں گے۔
عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ علی امین گنڈا پور کو اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں نے غائب کیا ہے اور یہ سب کو معلوم ہے کہ اس ملک میں کون لوگوں کو اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسٹیبلشمنٹ کی لاج رکھ رہا ہے اور خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، حالانکہ وہ خود نہیں بول رہا۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد وفاقی پارٹی ہے جو ملک کو اکٹھا رکھ سکتی ہے۔
عمران خان نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعظم کہنے کا کوئی فائدہ نہیں، وہ ہر کام کے لیے این او سی لیتے ہیں اور ممکن ہے کہ کل انہیں بھی غائب کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے توشہ خانہ کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے، جبکہ دیگر کیسز فوراً سماعت کے لیے مقرر کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کے سربراہ سکندر سلطان گیند پھینکنے والے ہیں اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس عامر فاروق اس کو کیچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جانبداری کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے علی امین گنڈا پور کے افغانستان سے مذاکرات کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور اسے دہشت گردی سے بچانے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا کو آزاد کرانے کا کوئی بیان نہیں دیا، اور اگر کوئی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی 24 سالہ جدوجہد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہے اور ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر افغانستان سے تعلقات درست نہ کیے گئے تو ملک دہشت گردی میں پھنسا رہے گا اور اس کا معاشی نقصان بھی ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں سب سے کم دہشت گردی ہوئی تھی اور اب بھی اگر کوئی دہشت گردی کے خلاف بات کرتا ہے تو اس سے تعاون کرنا چاہیے۔
بیٹر کے زوردار شارٹ نےایمپائر کے منہ کا حلیہ ہی بگاڑ دیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل…
پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو ہونے والا احتجاج رکوانے کے لیے پس پردہ ملاقاتیں جاری ہیں۔سینیئر صحافی انصار…
سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی۔آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس…
معروف خاتون نجومی باباوانگا نے ۲۰۲۵ سے متعلق خطرناک پیشگوئیاں کر دیں۔۱۹۱۱ میں پیدا ہونے والی بابا وانگا نے مرنے…
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)…
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حفیظ الرحمان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح…