خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی، ایشیائی ترقیاتی بینک کا بڑا قدم
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے 32 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سیلاب سے متاثرہ اور خراب حالت میں موجود دیہی سڑکوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس اہم اقدام کے تحت تقریباً 900 کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
خیبر پختونخوا رورل روڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ان سڑکوں کا احاطہ کیا جائے گا جو دور دراز علاقوں کو تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات، اور مقامی مارکیٹوں سے جوڑتی ہیں۔ ان سڑکوں کی بحالی سے صوبے کی دیہی آبادی کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، اور اقتصادی مواقع تک رسائی بڑھے گی۔ منصوبے میں سڑکوں کی موسمیاتی ریزیلئنسی، حفاظت اور پائیدار دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی ژوکوف نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بہتر حالت عوام کے لیے لائف لائن کے طور پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروجیکٹ سے نہ صرف سفری وقت کم ہوگا بلکہ نقل و حمل کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی، جس سے خیبر پختونخوا کے لاکھوں افراد کے لیے اقتصادی مواقع میں اضافہ ہوگا۔
منصوبے کے تحت مقامی کمیونٹیز کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے مارکیٹس اور دیگر خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔ اس سے نہ صرف مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ان علاقوں میں معاشی ترقی بھی تیز ہوگی۔
اے ڈی بی کے سینئر ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ سیونگھون کم نے اس حوالے سے کہا کہ حکومت کو تکنیکی اور مالی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے موزوں سڑکوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحتی سڑکوں کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے رعایتی معاہدے بھی تیار کیے جائیں گے جو سڑکوں کے نیٹ ورک کی پائیداری میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے اور 1966 سے اب تک اے ڈی بی نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے، توانائی، خوراک کی حفاظت، اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی بہتری کے لیے 52 ارب ڈالر سے زائد کا عہد کیا ہے۔ اے ڈی بی پاکستان کے ساتھ سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف منصوبوں میں تعاون کرتا آ رہا ہے جس میں قرضے، گرانٹس اور دیگر فنانسنگ کی اقسام شامل ہیں۔