عمران خان کو دو ہفتے میں رہا نہ کیا گیا تو ہم جیل سے خود نکالیں گے، علی امین گنڈاپور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں سیاسی طاقت کا ایک بھرپور مظاہرہ کیا گیا، جہاں ہزاروں کارکنان اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ جلسہ سنگجانی مویشی منڈی میں منعقد کیا گیا تھا، جس میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا قافلہ، جس میں سیکڑوں گاڑیاں، ہیوی مشینری اور ہزاروں کارکن شامل تھے، جلسہ گاہ پہنچنے پر شرکا نے پرتپاک استقبال کیا۔
عمران خان کو خود رہا کریں گےعلی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عمران خان پر تمام کیسز ختم ہو چکے ہیں اور اگر انہیں قانونی طور پر ایک یا دو ہفتے کے اندر رہا نہیں کیا گیا تو پی ٹی آئی خود انہیں جیل سے نکالے گی۔ انہوں نے کہا، "اگر ہم پیچھے ہٹ گئے تو دوبارہ ایسا موقع نہیں ملے گا اور نہ دوبارہ ایسا لیڈر ملے گا۔ میں آپ کی قیادت کروں گا اور پہلی گولی خود کھاؤں گا۔”وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا، چاہے این او سی ملے یا نہ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ "مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی تو ٹھیک ہے، ورنہ ہم مینڈیٹ چوروں کا مقابلہ کریں گے اور اگر ہمیں چیلنج کیا گیا تو ایسا حال کریں گے کہ انہیں بنگلہ دیش بھول جائے گا۔
اپنے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ہم جابر حکمرانوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حق کی بات کر رہا ہے اور پی ٹی آئی اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اگر ظلم بند نہ ہوا تو ہم اپنی جان سے جہاد کریں گے اور حق کے لیے اپنی جانیں دیں گے۔”گنڈاپور نے سپریم کورٹ اور فوج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ "جنرل فیض حمید ہمیں وراثت میں نہیں ملا تھا، وہ تمہارا جنرل تھا۔” انہوں نے فوج میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ "اگر تم نے فوج کو ٹھیک نہ کیا تو ہم کریں گے، یہ ہماری فوج ہے اور اس میں ہمارے بھائی ہیں۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے پی ٹی آئی کو جلسہ ختم کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہیں کیا گیا، جو کہ شرائط کی خلاف ورزی ہے۔ این او سی کے مطابق پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ ختم کرنا تھا، لیکن جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہوسکا، جس پر قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔
جلسے کے بعد مغرب کے وقت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کے مبینہ پتھراؤ کے جواب میں شیلنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اس تصادم کے نتیجے میں ایس ایس پی سیف سٹی سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ تاہم، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ انہیں جلسے میں شامل ہونے سے روکا گیا اور یہی جھگڑے کی وجہ بنی۔
جلسے میں مختلف پی ٹی آئی رہنماؤں نے خطاب کیا اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکمران عمران خان سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں عوام کی حمایت حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان قانون اور آئین کی پاسداری نہ کرتے تو اب تک حکومت کا دھڑن تختہ ہوچکا ہوتا۔تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کی آواز کو دبا رہے ہیں اور ملک کو بند گلی میں دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ اگر عوام کی آواز کو نہ سنا گیا تو ملک کے حالات بگڑ سکتے ہیں۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے جلسے کے دوران شہر کے تمام داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مری سے آنے والے راستے، بھارہ کہو بائی پاس اور دیگر اہم شاہراہیں بھی بند کی گئیں۔ سنگجانی پولیس نے جلسے کے دوران علاقے کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کو بھی بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔جلسے کے قریب مشکوک بیگ سے دستی بم برآمد ہونے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر بلایا گیا، تاہم کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔
جلسے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ عمران خان کی رہائی تک تحریک جاری رہے گی اور حکومت کی جانب سے رکاوٹیں اور سازشیں انہیں اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتیں۔ جلسے کے اختتام پر رہنماؤں نے کارکنان سے کہا کہ یہ تحریک پرامن ہے، لیکن اگر عمران خان کو رہا نہیں کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل زیادہ شدت اختیار کر سکتا ہے
4 اکتوبر کو ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے: علی امین گنڈاپور اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا…
پاکستان میں مہنگائی کی شرح ہماری توقعات سے زیادہ کم ہوئی ہے: وفاقی وزیر خزانہ اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ…
پٹرول سستا مگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں؟ حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی…
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ…
عمران خان اب عالم اسلام کے لیڈ ربن چکے ہیں:پرویز الٰہی لاہور:سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے واضح…
نواز شریف نے لندن جانے کا اپنا منصوبہ مؤخر کر دیا لاہور:آئینی ترمیم کے مسئلے کی وجہ سے مسلم لیگ…