زمین سے غیر قانونی پانی نکالنے والی واٹر کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا حکم
کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں پانی کی کمپنیوں کی جانب سے بغیر سرکاری اجازت کے زیرِ زمین پانی نکالنے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے اس ضمن میں ایک تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کی کمپنیوں کے جاری کردہ لائسنس کا دوبارہ جائزہ لیں۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ حکام کو پانی کی کمپنیوں کا دورہ کرنے اور لیبارٹریز سے پانی کے نمونوں کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ بوتل پر منرل واٹر کے لئے واضح طور پر Mineral Water لکھا جائے اور عام پانی کے لئے Bottle Water لکھا جائے۔ اس کے علاوہ، تمام یو سیز اور کارپوریشنز کو غیر قانونی زیرِ زمین پانی نکالنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے سندھ میں قائم لیبارٹریز کی تیاری کے منصوبوں کی تکمیل کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ درخواست کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔