لاہور ہائیکورٹ کا چیئرمین نادرا منیر افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تقرری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کیا ہے۔
جسٹس عاصم حفیظ نے شہری اشبا کامران کی درخواست پر فیصلہ سنایا، جس میں چیئرمین نادرا کی تقرری کو چیلنج کیا گیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نگران حکومت نے نادرا قوانین میں ترامیم کرکے ایک حاضر سروس فوجی افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کیا، جو قانونی اور آئینی طور پر درست نہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ نگران حکومت مستقل نوعیت کے فیصلے کرنے کا حق نہیں رکھتی، اور ایسی پالیسی تبدیلیوں میں مداخلت نہیں کر سکتی جن کے نتائج دور رس ہوں۔
عدالت نے اس موقف سے اتفاق کرتے ہوئے نادرا ترمیمی رولز اور چیئرمین نادرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس عاصم حفیظ نے فیصلے میں یہ کہا کہ نگران حکومت کا دائرہ اختیار محدود ہے اور وہ مستقل فیصلے نہیں کر سکتی۔یہ بھی یاد رہے کہ نادرا کے قوانین میں ترمیم کے ذریعے ایک حاضر سروس آرمی افسر کو چیئرمین کے عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ نگران حکومت کی طرف سے کیا گیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی تھی۔