چیف جسٹس کی توسیع پر پھیلائی گئی افواہیں بے بنیاد ہیں، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع لینے سے انکار کیا ہے ۔ بار بار اس بات کو دوہرانا کہ وہ توسیع کے خواہشمند ہیںیہ درست نہیں ۔ وزیر قانون نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ایک معزز شخصیت ہیں اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر زیر بحث لانا نامناسب ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انہیں اور اٹارنی جنرل پاکستان کو صاف صاف کہہ دیا تھا کہ وہ اپنی ملازمت میں توسیع لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ وزیر قانون نے اس بات پر زور دیا کہ چیف جسٹس کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اور ان کی شخصیت کے ساتھ انصاف نہیں کرتی ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ میڈیا کے دوستوں کو اس موضوع پر بات کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور اس کے بجائے دوسرے اہم معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی توسیع کے حوالے سے بار بار بات کرنا غیر ضروری ہے اور اب اس معاملے کو چھوڑ دینا چاہیے۔
وزیر قانون کی اس وضاحت کے بعد امید کی جاتی ہے کہ چیف جسٹس کی توسیع کے حوالے سے غیر ضروری بحث کا خاتمہ ہو جائے گا اور میڈیا سمیت تمام متعلقہ حلقے دیگر اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کریں گے۔